-آزا د کشمیر میں تحریک انصاف کی فتح کا اعلان آج لال حویلی کے باہر کروں گا
لاہور۔24جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں فتح تحریک انصاف کی ہوگی ،، شکست کے خوف سے اپوزیشن نے رونا دھونا شروع کردیا ہے ، نواز شریف اور مریم نواز اپنی زبان کے ہاتھوں مار کھائیں گے، مریم نواز کی زبان اس کی سیاست کو تباہ کر دے گی، نواز شریف سے ” را ” کے ایجنٹ مل رہے ہیں ،وزیراعظم عمران خان اگلے 6ماہ میں پاکستان کی معیشت کا نقشہ بدل دیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں نادرا میگا سنٹر ایجرٹن روڈ کے دورہ کے دوران پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج آزاد کشمیر کے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف جیت کر حکومت بنائے گی جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا رونا دھونا اور سیاپاشرو ع ہو جائے گا
،اپوزیشن نے ہار کو تسلیم نہ کرنے کی قسم کھا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی سیاست کو اس کی زبان تباہ کر دے گی ،نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر رونا دھونا ڈال رکھا ہے اور ملک کو رضیہ بٹ کا ناول بنا رکھا ہے، برانڈڈ اشیا استعمال کرنے والے کس منہ سے غریبوں کا رونا رو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور اس کا خاندان لوٹ مار کر کے باہرچلا گیا ،
نواز شریف آج واپس آ نے کا اعلان کریں انہیں رینجرز اور فوج کی سیکورٹی فراہم کروں گا ،نواز شریف جی ایچ کیو گیٹ نمبر 4کی پیداوار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میرا بس چلے تو ان بڑے چوروں کو سزا دینے کے لئے چین جیسا قانون لے آئوں۔ شہباز شریف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ بھائی سے ڈرا بھائی ہے اور وہ سیاست میں لاپتہ ہے جبکہ مریم صرف سیاست کر رہی ہیں،