ڈیڈ لائن، پنجاب میں کل سے ‘ویکسین نہیں تو کوئی سروس نہیں’

لاہور: پنجاب میں کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کی ڈیڈ لائن کا آج آخری روز ہے، کل سے تمام سیکٹرز میں بغیر

ویکسین کسی فرد کو کوئی سہولت نہیں دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں کل سے نو ویکسین، نو سروسز پر عمل شروع ہو رہا ہے، این سی او سی

نے ویکسین لگوانے کے لیے مختلف شعبوں میں تاریخیں مختص کر دی ہیں، مقرر آخری تاریخ کے

بعد تمام سیکٹرز میں بغیر ویکسینیشن کسی فرد کو کوئی سہولت نہیں دی جائے گی۔

اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کے لیے آج آخری روز ہے، طلبہ کے لیے 31 اکتوبر تک پہلی، جب کہ 30 نومبر تک

دوسری ڈوز لگانا لازمی قرار دے دی گئی، جب کہ 18 سال سے زائد عمر شہریوں کے لیے 30 نومبر تک

مکمل ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے۔

 

ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ عملے کی مکمل ویکسینیشن کو یقینی بنانے کے لیے اسکول انتظامیہ کو ہدایت جاری کر

دی گئی، تعلیمی اداروں کے داخلی راستوں اور نمایاں جگہوں پر عوامی آگاہی کے لیے معلومات آویزاں کرنے

کا حکم بھی دیا گیا ہے، ہدایت کے مطابق تعلیمی اداروں کا تمام عملہ ویکسینیٹڈ ہونے کا بیج لگائے گا۔

 

تعلیمی اداروں کے اسٹاف کے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ چیک کیے جائیں گے، سیکریٹری عمران سکندر بلوچ

کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کے سربراہ محکمہ صحت کے تعاون سے موبائل ویکسینیشن کیمپس

لگوائیں گے، اسمبلی میں بھی ویکسینیشن کی آگاہی سے متعلق پیغامات چلائے جائیں گے۔

 

کاروباری مراکز میں داخلے اور ہوٹلز اور ریسٹ ہاؤسز میں بکنگ کے لیے 30 ستمبر تک مکمل ویکسینیشن

لگوانا ضروری ہوگا، اِنڈور ڈائننگ، شادیوں اور ریسٹورنٹس انتظامیہ کے لیے 30 ستمبر

تک مکمل ویکسینیشن لازم ہے۔

محکمہ پرائمری ہیلتھ کے مطابق تمام نجی اور سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے افراد کے لیے 15 اکتوبر تک

ویکسینیشن کروانا لازم ہوگا، ٹرین اور موٹر وے پر سفر کے لیے 15 اکتوبر تک مکمل ویکسینیشن لگوانے کی

شرط عائد کی گئی ہے۔

قومی شاہراہوں پر پبلک ٹرانسپورٹ، (بین الصوبائی، شہروں کے اندر اور مابین چلنے والی گاڑیوں) میٹرو،

بی آر ٹی، اورنج ٹرین میں سفر کے لیے 31 اکتوبر تک مکمل ویکسین لگوانا لازم ہوگا۔ ہر قسم کی

پبلک ٹرانسپورٹ میں اور ٹرمینلز پر کام کر نے والے افراد کے لیے 15 اکتوبر تک

مکمل ویکسینیشن لگوانا لازم ہوگا۔

 

محکمہ پرائمری ہیلتھ کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے 15 نومبر تک ویکسینیشن مکمل کروانے

کی شرط عائد کی گئی ہے۔ بیرون اور اندرون ملک سفر کرنے والے افراد اور ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور شادی

ہالز میں داخلے کے لیے 30 ستمبر تک کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

 

ہدایت کی گئی ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے تمام افراد جو 30 ستمبر سے پہلے آئے ہوں، 31 اکتوبر تک

ویکسین مکمل کروائیں۔ ٹریفک، موٹر وے، ہائی وے پولیس اور ضلعی انتظامیہ ان قوانین پر

عمل درآمد اور چیکنگ کی ذمہ دار ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *