طالبان نے تلواروں اور بندوق سے اپنا فیصلہ منوالیا، اشرف غنی

افغانستان سے فرار ہونے والے افغان صدر اشرف غنی کا کہنا ہے کہ طالبان نے تلواروں اور بندوق سے اپنا فیصلہ منوالیا، طالبان نےانہیں کابل چھوڑنے پر مجبور کیا۔

ایک بیان میں اشرف غنی نے کہا کہ طالبان کابل پر حملہ کرنے آئے تھے، خوں ریزی سے بچنے کے لیے انہوں نے افغانستان چھوڑا۔

دوسری جانب کئی افغان رہنما اشرف غنی پر برس پڑے۔

افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللّٰہ عبداللّٰہ نے کہا کہ اشرف غنی افغان عوام کو اس صورتحال میں چھوڑکر چلے گئے، اللّٰہ ان سے پوچھے گا۔

افغانستان کے قائم مقام وزیر دفاع جنرل بسم اللّٰہ محمدی نے کہا کہ اشرف غنی نے ہمارے ہاتھ پیٹھ پرباندھ کروطن بیچ دیا۔

میڈیا رپورٹس میں سامنے آیا ہے کہ اشرف غنی خالی ہاتھ نہیں گئے بلکہ اپنی آسائش کا سارا سامان بھی اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

روسی خبر رساں ایجنسی نے روسی سفارتخانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اشرف غنی چار کاریں اور ایک ہیلی کاپٹر نوٹوں سے بھرکر اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اشرف غنی کو باقی پیسہ یہیں چھوڑنا تھا کیونکہ ان کے پاس بقیہ پیسہ لے جانے کے لیے کاروں یا ہیلی کاپٹر میں جگہ کم پڑ گئی تھی۔

اب تک اشرف غنی کے بارے میں کسی کو علم نہیں کہ وہ کہاں ہیں، کیونکہ اس سے قبل ان سے متعلق یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وہ طیارے میں تاجکستان گئے ہیں۔

تاجک حکام کی جانب سے ان کی موجودگی کی تردید کی گئی تو بعد ازاں یہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ اشرف غنی اومان چلے گئے ہیں جہاں سے وہ امریکا جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *