معروف کامیڈین اسماعیل تارا انتقال کرگئے
اسماعیل تارا نے تھیٹر، ٹی وی اور فلموں میں اپنی صلایتوں کا لوہا منوایا
معروف کامیڈین اسماعیل تارا کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔
تھیٹر، ٹی وی اور فلموں میں اپنے فن کا لوہا منوانے والے معروف کامیڈین اسماعیل تارا انتقال کرگئے ہیں۔
وہ گزشتہ کچھ عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ انہپیں جمعرات کو کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج اللہ کو پیارے ہوگئے۔
اسماعیل تارا نے اپنے فنی سفر کا آغاز تھیٹر سے کیا لیکن انہیں شہرت 1980 کی دہائی میں پی ٹی وی کے مزاحیہ خاکوں کے پروگرام ففٹی ففٹی سے ملی۔
ففٹی ففٹی میں ماجد جہانگیر اور زیبا شہناز کے ساتھ ان کی جوڑی بہت کامیاب رہی۔
ٹی وی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بعد اسماعیل تارا نے فلموں کا رخ کیا تاہم نجی ٹی وی چینل آنے کے بعد اسماعیل تارا نے بھی دوبارہ ٹی وی کا رخ کیا۔
اسماعیل تارا کے کامیاب ٹی وی پروگرامزاور ڈراموں میں ففٹی ففٹی، لیاری کنگ لائیو، اسماعیل ٹائم، یہ زندگی ہے، ون وے وکٹ اور اورنگی ٹاؤن کی انوری شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسماعیل تارا کے بلندی درجات کیلئے دعا اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مرحوم اسماعیل تارا مزاحیہ اداکاری میں منفرد مقام رکھتے تھے، پی ٹی وی اور فلم کے ناظرین کے ذہنوں پر ان کی اداکاری کے انمٹ نقوش ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ٹیلیویژن کے پروگرام ففٹی ففٹی میں ان کی اداکاری یادگار رہے گی، اسماعیل تارا کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
Source: Samaa News