اورنج ٹرین کا سفر کرنے والی چار بچیاں مبینہ طور پر اغوا
لاہور: صوبائی دارالحکومت میں چار بچیوں کے مبینہ اغوا کی خبر نے سنسنی پھیلادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے تھانہ ہنجروال کی حدود سےچاربچیاں مبینہ طور پر اغوا ہوگئیں ہیں، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق دس سالہ انعم اور گیارہ سالہ کنیزہ ہمسائے کی دو بچیوں کے ساتھ اورنج ٹرین کا سفر کرنے گھر سے نکلیں تھیں، کئی گھنٹے گزرنے کے بعد گھر نہ پہنچی تو گھر والوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور فوری طور پر مقامی پولیس اسٹیشن کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا۔
پولیس نے انعم اور کنیزہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے بچیوں کی تلاش کا کام شروع کردیا ہے، پولیس حکام کا خدشہ ہے کہ بچیوں کو اغوا کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچیوں کو اورنج لائن ٹرین اسٹیشن پردیکھا گیا تھا بچیوں کے پاس موجود موبائل فون بھی بند ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جہلم: مبینہ اغوا کا ڈراپ سین، طالبہ گھر پہنچ گئی
دوسری جانب آئی جی پنجاب نے اے آر وائی نیوز کی خبرپر معاملےکا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہورسے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، آئی جی پنجاب نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ بچیوں کو بحفاظت بازیاب کرا کر والدین کےحوالے کیا جائے جبکہ ملزمان کو جلد ازجلد گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں آئے روز بچیوں کے اغوا کی کیسز رپورٹ ہوتے رہتے ہیں، رواں سال جون میں بھی لاہور کے مختلف علاقوں سے دو بچیوں اور ایک بچے کو اغوا کیا گیا تھا، اغوا ہونے والوں میں نو سالہ طاہرہ اور تیرہ سالہ فضا شامل تھی۔
اس سے قبل جہلم سے دن دیہاڑے اسکول طالبہ کو اغوا کیا گیا تھا۔